اسلام آباد میں نئی الیکٹرک بس سروس کے روٹس کیا ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کا ٹرانسپورٹ سسٹم حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی اور بہتری کی جانب گامزن رہا ہے، جس کا آغاز 2015 میں ہوا، جب جڑواں شہروں میں ریڈ لائن میٹرو سروس کا آغاز کیا گیا، اس کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقتا فوقتا مزید بس سروسز متعارف کرائی جاچکی ہیں۔
اس حکومتی اقدام سے جڑواں شہروں میں جدید اور سستی بسوں کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم ہوچکا ہے، اس وقت جڑواں شہروں میں ریڈ لائن، اورنج لائن، بلیو لائن، گرین لائن اور پنک سروس سمیت دیگر سروسز فعال ہیں، جن میں مزید اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔
حال ہی میں کیپیٹل ڈولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فیڈر بس سروس شروع کی گئی ہے، جس کے تحت پورے اسلام آباد میں 160 جدید الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چین سے 30 بسیں فروری کے وسط تک براستہ کراچی اسلام آباد لائی گئی تھیں، ان بسوں کو 2 روٹس جن میں چک شہزاد سے آبپارہ اور فیض آباد سے برٹش ہومز تک چلایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت متوقع بقیہ 130 بسیں بھی اسلام آباد پہنچ چکی ہیں، جو مجموعی طور پر 13 روٹس پر چلائی جائیں گی۔
الیکٹرک بسوں کے روٹس کیا ہوں گے؟
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میٹرو بس سی ڈی اے رانا طارق محمود نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سی ڈی اے کے پاس 160 الیکٹرک بسیں پوری ہو چکی ہیں، جنہیں 13 روٹس پر چلایا جائے گا۔
’ان روٹس میں فیض آباد سے نسٹ میٹرو اسٹیشن، فیض آباد سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پاک سیکریٹریٹ سے کچہری میٹرو اسٹیشن، نیشنل لائبریری سے پمز میٹرو اسٹشن تک بس سروس دستیاب ہوگی۔‘
اسی طرح دیگر روٹس میں پمز سے بری امام، نسٹ میٹرو اسٹیشن سے ڈی 12، پمز سے نسٹ میٹرو اسٹیشن، پمز سے گولڑہ شریف، آبپارہ سے ترامڑی، کھنہ پل سے نیلور، فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ، گولڑہ موڑ سے واہ کینٹ اور گولڑہ موڑ سے آئی 16 تک کے روٹس شامل ہیں۔
رانا طارق محمود کے مطابق ان 13 روٹس میں سے 8 روٹس پر بس سروس فعال کی جاچکی ہیں جبکہ باقی 5 روٹس پر جلد بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔ ’مجموعی طور پر 128 بسیں استعمال میں ہوں گی جبکہ 32 بسیں بیک اپ کے طور پر رکھی جائیں گی تاکہ کسی خرابی کی صورت میں متبادل فراہم کیا جاسکے۔‘
بس میں بیک وقت کتنے مسافروں کی گنجائش ہے؟
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میٹرو بس نے بتایا کہ ایک بس میں 24 نشتیں ہیں جبکہ 40 افراد کھڑے ہوکر سفر کرسکتے ہیں، لہٰذا اس طرح ایک بس میں تقریباً 64 افراد آرام سے سفر کر سکتے ہیں۔
الیکٹرک بس سروس کو متعارف کرانے کی وجہ؟
ڈی جی میٹرو بس کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس سروس کو متعارف کروانے کی اشد ضرورت اس لیے تھی کہ ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کو مزید فروغ دیا جائے کیوںکہ یہ بسیں نہ صرف بجٹ فرینڈلی اور عوام کے لیے سودمند ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔
’اس بس سروس سے لوکل ٹرانسپورٹ ختم ہو جائے گی کیونکہ اس سروس کا ایک بڑا مقصد لوکل ٹراسپورٹ کا متبادل فراہم کرنا بھی ہے تاکہ سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم بڑی حد تک کم کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی فضائی اور شور پر مبنی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔‘