اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اپنے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت کیوں دی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کم عمری میں ہی ہو گئی تھی اور شناختی کارڈ بھی شادی کے بعد بناتھا۔
سلمیٰ ظفر عاصم نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور شوبز اور نجی زندگی کے حوالے سے مختلف موضوعات پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا ماضی میں لوگوں کا خیال ہوتا تھا کہ لڑکی کو اپنے سسرال جانے کے بعد کیریئر بنانا چاہیے اس لیے لڑکیوں کی جلد شادی کروادی جاتی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی امی بیمار تھیں اور انہیں اداکارہ کی شادی کی فکر تھی اس لیے ان کی بھی شادی جلدی کر دی گئی۔ ان کے اور شوہر میں 5 سال کا فرق ہے۔ سلمیٰ ظفر کےمطابق شادی کےبعد انہوں نے اپنی ساس، سسر اور جیٹھانی سے بہت سی چیزیں سیکھیں اور آج جو کچھ بھی ہیں ساس کی وجہ سےہیں۔
شوہر کی دوسری شادی کے سوال پر اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم نے بتایا کہ ان کی شادی ان کی خالہ نے کروائی تھی، ان کے شوہر انتہائی اچھی شخصیت کے مالک تھے لیکن شوہر کے افیئرز سننے کو ملے ان کی بہت دوستیاں تھیں پھر 3 مہینے شوہر پر کڑی نظر رکھی اور وہ وقت پریشانی میں گزرا لیکن پھر اپنے سسر سے مشورہ کرنے کے بعد وہ ٹھیک ہو گئیں اور شوہر کی دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے شوہر کو کہا کہ وہ باہر دوستیاں کرنے کے بجائے نکاح کریں اور اسے نبھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے کے بعد انہوں نے اپنے بچوں کو والد کی دوسری شادی سے متعلق بتایا اورعاصم کے ایک حادثے کے بعد بچوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے والد کو قبر کے بجائے اپنے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کی شادی کے لیے راضی ہو جائیں ہم ایک اور انسان کو اپنے خاندان میں لے آتے ہیں، اس کے بعد بیٹی تو مان گئی لیکن بیٹے نے کہا کہ میں کبھی آپ کو روتے ہوئے نہ دیکھوں تو راضی ہوں۔
سلمیٰ ظفر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پتہ ہے کہ میری 2 بیٹیاں اور 1 بیٹا ہے لیکن میرے 2 بیٹے ہیں جن میں سے ایک عاصم کی دوسری شادی سے ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر کی دوسری بیوی سے بیٹا ہوا تو انہوں نے اسے کہا کہ بچوں کو ایک ہی رہنے دیتے ہیں اس طرح وہ ایک ہو گئے اور وہ اپنی سگی والدہ کو کہتا تھا کہ اگر مجھے کچھ کہا تو بڑی ماما کے پیچھے چھپ جاؤں گا۔