بالی ووڈ کے پاس کام کے لیے دماغ ہی نہیں، انوراگ کیشپ نے ایسا کیوں کہا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دی گینگز آف واسے پور کے ڈائریکٹر انوراگ کیشپ نے ایک بار پھر بھارت کی ہندی فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلمسازوں کے پاس فلم بنانے کا دماغ ہی نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ فلمسازوں کے پاس پشپا: دی رائز یا اس کا سیکوئل پشپا 2: دی رول جیسی فلمیں بنانے کا فنی وژن یا تکنیکی علم ہی نہیں ہے۔
انوراگ نے کہا کہ بالی ووڈ کی تخلیقی صلاحیتوں اور کہانی سنانے کی کمی دونوں تیلگو فلموں کی کامیابی سے عیاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ علاقائی سنیما کے ساتھ مقابلہ کرنے میں ناکام ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندی فلم انڈسٹری خطرے سے دوچار ہوچکی ہے اور اب وہ کوئی جرات مندانہ قدم اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کچھ نہیں سمجھتے اور نہ پشپا جیسی فلم ہی بناسکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس فلم بنانے کا دماغ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ فلمساز نہیں سمجھتے کہ فلم سازی کیا ہوتی ہے اور پشپا جیسی فلمیں صرف سوکمار ہی بنا سکتا ہے کیوں کہ ساؤتھ انڈیا میں وہ فلمسازوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں اور انہیں فلمیں بنانے کے لیے بااختیار بناتے ہیں۔
سوکمار کی پشپا 2: دی رول میں اللو ارجن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ فہد فاصل اور رشمیکا مندنا نے بھی فلم میں اہم کردار نبھائے۔