بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئےسنجیدہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں ،رحمت صالح بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے نئے سال کے موقع پر اہل بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ سال صوبے کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کا نقیب ثابت ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے عوام کے دیرینہ مسائل حل ، لاپتہ افراد بازیاب ، اور مفاہمتی عمل کا آغاز ہو، تاکہ بے چینی اور اضطراب کی فضا ختم ہو سکے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان ایک طویل عرصے سے مختلف چیلنجز کا شکار ہے، جن میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، بنیادی سہولیات کی کمی، اور سماجی و معاشی مشکلات شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق میسر آ سکیں۔انہوں نے لاپتہ افراد کے مسئلے کو خاص طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بازیابی نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے سکون کا باعث بنے گی بلکہ پورے بلوچستان میں اعتماد، ہم آہنگی اور امید کی نئی فضا قائم کرے گی۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ مفاہمتی عمل کو فروغ دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے امن، استحکام اور ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ، اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنے فرائض ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *