سانحہ 9مئی 2023کے 19مجرمان کی سزاؤں میں معافی کااعلان
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سانحہ 9مئی 2023کے 19مجرمان کی سزاؤں میں معافی کااعلان کر دیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔
دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا، ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دیگرتمام مجرمان کے پاس بھی اپیل اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں، سزاؤں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ اپریل 2024 میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق محمد ایاز، سمیع اللہ، لئیق احمد، امجد علی،یاسرنواز، سعید عالم، زاہد خان، محمد سلیمان،حمزہ شریف، محمد سلمان، اشعربٹ، محمد وقاص،سفیان ادریس، منیب احمد،محمد نذیر، محمد نواز، محمد علی، محمد بلاول اور محمد الیاس کی سزا معاف کی گئی .
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کینٹ حملے میں ملوث سمیع اللہ کو 2سال قید بامشقت ،ایف سی کینٹ حملے میں ملوث محمد ایازکو 2سال قید بامشقت،آئی ایس آئی آفس فیصل آباد حملے میں ملوث لئیق احمد کو 2سال قید بامشقت ،ہیڈکوارٹر دیر سکاؤٹس تیمرگرہ پر حملے میں ملوث محمد الیاس کو 2سال قید بامشقت ،راہوالی گیٹ گوجرانوالہ کینٹ حملے میں ملوث محمد وقاص کو 2سال قید بامشقت،آئی ایس آئی آفس فیصل آبادحملے میں ملوث محمد سلمان کو 2سال قید بامشقت ، ہیڈکوارٹردیرسکاؤٹس تیمرگرہ حملے میں ملوث محمد سلیمان کو 2سال قید بامشقت،راہوالی گیٹ گوجرانوالہ کینٹ حملے میں ملوث محمد نواز کو 2سال قیدبامشقت،آئی ایس آئی آفس فیصل آباد حملے میں ملوث امجد علی کو 2سال قید بامشقت کی سزاسنائی گئی تھی۔