بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ سے شادی کیوں نہیں کی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز کے سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ سینیئر اداکار مرحوم قاضی واجد ماضی میں انہیں جاوید شیخ سے شادی کرنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ نے سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی، اس دوران دونوں نے ایک دوسرے سے شادی نہ کرنے کے حوالے سے ایک دلچسپ قصہ بھی سنایا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ایک دن قاضی واجد نے انہیں سب سے چھپ کر کہا کہ وہ جاوید شیخ سے شادی کرلیں کیونکہ وہ جانتے تھے کہ انہوں نے پہلے شوہر سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی۔
اداکارہ کے مطابق مرحوم قاضی واجد نے انہیں کہا کہ جاوید شیخ کے ساتھ ان کی جوڑی اچھی لگے گی، اس پر بشریٰ انصاری کی ہنسی چھوٹ گئی اور انہوں نے کہا کہ جاوید شیخ تو ہاتھ ہی نہیں آئیں گے کیونکہ یہ ایک شاخ پر نہیں ٹکتے جس پر قاضی واجد نے انہیں بدتمیز کہا۔
بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے جاوید شیخ کو فون کرکے کہا کہ ان کے لیے ایک رشتہ آیا ہے، جس پر اداکار نے پوچھا کہاں سے؟ اس پر بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ کو بتایا کہ قاضی واجد کہہ رہے ہیں کہ آپ دونوں شادی کرلیں۔ یہ سن کر جاوید شیخ بھی ہنس پڑے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ کچھ وقت گزر جانے کے بعد عید کے موقع پر ان کے گھر ڈنر تھا جس پر قاضی واجد نے انہیں پوچھا کہ کن کن مہمانوں کو مدعو کیا ہے جس پر مرحوم نے آنکھ مارتے ہوئے جاوید شیخ کو گھر پر بلانے کا کہا اور ساتھ ہی دوبارہ ان سے شادی کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ دونوں فنکار پی ٹی وی کے زمانےسے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے چلے آرہے ہیں اور ایک دوسرے کے بہت گہرے دوست ہیں۔ حال ہی میں انہیں مشہور ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شگفتہ اور افتخار کے روپ میں خوب شہرت ملی۔