اداکارہ عفت عمر سیکولر پاکستان کیوں چاہتی ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی معروف اداکارہ، ماڈل و میزبان عفت عمر نے کہا ہے کہ وہ سیکولر پاکستان چاہتی ہیں جہاں کوئی بھی شخص اپنے عقائد اور عمل کے بارے میں جوابدہ نہ ہو۔
عفت عمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے پاکستان کے حوالے سے مختلف باتیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک سیکولر پاکستان چاہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیالات کے مطابق قائداعظم بھی ایک سیکولر پاکستان چاہتے تھے اور جس قسم کی زندگی انہوں نے گزاری انہیں سیکولر ہی ہونا چاہیے تھا۔
عفت عمرکے مطابق ہم ایک اسلامی ملک میں رہتے ہیں لیکن دین ایک ذاتی معاملہ ہے۔ ہم سب اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اس لیے کون نماز پڑھ رہا ہے اور کون نہیں پڑھ رہا، کون روزے رکھتا ہے اور کون نہیں تو یہ اللہ اور انسان کا معاملہ ہے یہ لوگوں کا معاملہ نہیں ہونا چاہیے۔ ہم اپنے اعمال کے لیے اللہ کے سامنے جوابدہ ہیں۔
واضح رہے کہ عفت عمر ایک سابق پاکستانی ماڈل، میزبان اور ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں۔ انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز نوعمری ہی میں ماڈلنگ کے ذریعے کیا۔ اداکارہ نے ننگے پاؤں، غلام گردش، محبت آگ سی، اور آنگن جیسے ہٹ ڈراموں میں اپنی نمایاں اداکاری کے ذریعے پہچان حاصل کی۔ عفت عمر نے اب اداکاری سے بریک لے لی ہے اور سیاسی طور پر تجزیے پیش کرتی نظر آتی ہیں۔