اداکارہ شگفتہ اعجاز ’عدت‘ کا وقت کیسے گزار رہی ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت اپنی زندگی کو دوبارہ ترتیب دینے کی جدوجہد کر رہی ہیں, انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ شگفتہ اعجاز اپنے شوہر یحییٰ صدیقی کو یاد کر کے جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں آپ سب کی محبت کی دل سے شکر گزار ہوں کہ آپ سب مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں کہ میں کیسا محسوس کر رہی ہوں۔
شگفتہ اعجاز نے عدت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی بھی ان حقیقتوں کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہیں جو انہوں نے اس سفر کے دوران دیکھیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا، انہوں نے یہ سوچا تھا کہ وہ اس سب کے لیے تیار ہیں مگر اس گہرے صدمے نے انہیں شدید متاثر کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ’عدت‘ وہ خاص وقت ہے جو ایک عورت کو اپنی طاقت واپس پانے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے ملتا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں موم بتیوں کی چند تصاویر بھی شیئر کیں، جنہیں نئے سانچوں میں ڈھالا گیا تھا انہوں نے کہا یہ وہی موم بتیاں ہیں جنہیں وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوشی کے لمحات میں جلایا کرتی تھیں اور اب ان یادوں کو دوبارہ جوڑنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
شگفتہ اعجاز نے لکھا کہ وہ اس وقت اپنی زندگی کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں انہوں نے اپنے شوہر کی فلم بادل اور بجلی کے مشہور گانے ’آج جانے کی ضد نہ کرو‘ کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو نہیں بھولیں اور انہیں طاقت اور محبت کے ساتھ پورا کریں گی جو ان کے شوہر اور بچوں نے ان پر ڈالی ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ شگفتہ اعجاز کے دوسرے شوہر یحییٰ صدیقی طویل عرصہ کینسر جیسے موزی مرض میں مبتلا رہنے کے بعد ستمبر میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *