شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا
اسلام آباد ( قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا ۔
“جیو نیوز” کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئےشیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی قریب ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ براہ راست بھی کئی مواقعوں پر رجوع کیا گیا، پہلے تجویز آئی تھی کہ انہیں نتھیا گلی منتقل کیا جائے گا۔ نتھیا گلی میں گورنر ہاؤس کی صفائی ستھرائی بھی کر دی گئی تھی، نتیھا گلی منتقلی کی تجویز پی ٹی آئی نے مسترد کردی تھی، پھر 20 دسمبر تک بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی نوید بھی دی گئی تھی۔
شیر افضل مروت سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ آفر وزیر داخلہ محسن نقوی کی طرف سے تھی؟، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اکیلے نہیں تھے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے بھی شامل تھے۔ حالیہ ضمانتوں کا تعلق مذاکرات کے عمل سے نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے کی صورت میں احتجاج کی قوت 10 گنا بڑھ جائے گی، اس لیے حکومت کچھ ضمانتیں چاہتی ہے، ارکان نے تصدیق کی کہ انفرادی طور پر کوئی یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں کہ تحریری مطالبات دیں، ارکان چاہتے ہیں کہ تحریری مطالبات پر پہلے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہو۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امریکا میں پی ٹی آئی کی تنظیم اپنے طور پر اقدامات کرتی ہے، پی ٹی آئی ہر جگہ کوشش کررہی ہے کہ عالمی دباؤ اس حد تک ہو کہ بنیادی حقوق کی پامالی رک جائے۔
ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے حالیہ دنوں میں کوئی مداخلت سامنے نہیں آئی ۔