انٹرنیٹ سست روی کا کیا نتیجہ نکلا؟ پی ٹی اے نے بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں ٹیلی کام آپریٹرز نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو انٹرنیٹ کی سست روی کے دوران سوشل میڈیا سروسز اور ویب براؤزنگ میں رکاوٹوں کے بارے میں مطلع کریا جس کے بعد اتھارٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کر کے وزارت آئی ٹی کو رپورٹ ارسال کردی۔
پی ٹی اے اتھارٹی کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز نے اپنے نیٹ ورک پر آنے والے مسائل کی تفصیلات فراہم کی ہیں جن میں جاز اور ٹیلی نار نے ایکس پر بلاکنگ کے مسائل کی نشاندہی کی لیکن ان کمپنیوں نے ویب براؤزنگ اور ڈیٹا سروسز پر کوئی مسئلہ رپورٹ نہیں کیا۔
زونگ نے تمام بڑی ایپلیکیشنز میں ڈیٹا ٹریفک میں کمی رپورٹ کی اور اس نے اپنے نیٹ ورک پر ٹک ٹاک ٹریفک میں 16 فیصد کمی نوٹ کی جبکہ یوفون نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی کارکردگی میں کمی کی نشاندہی کی مگر ویب براؤزنگ میں کوئی مسئلہ رپورٹ نہیں ہوا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فکسڈ لائن آپریٹرز نے بھی انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے دوران مسائل کی نشاندہی کی ہے جن میں پی ٹی سی ایل نے سوشل میڈیا سروسز میں خلل کی نشاندہی کی اور ٹک ٹاک، واٹس ایپ، فیس بک، اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہونے کی تصدیق کی مگر پی ٹی سی ایل کے مطابق ویب براؤزنگ میں کوئی مسئلہ نہیں پایا گیا۔
اس کے علاوہ سائبرنیٹ نے اپنے نیٹ ورک پر سوشل میڈیا اور ویب براؤزنگ میں رکاوٹوں کی نشاندہی کی ہے جبکہ نیا ٹیل نے بتایا کہ اس کے نیٹ ورک پر سروسز بالکل متاثر نہیں ہوئیں جبکہ ٹرانس ورلڈ نے ویڈیو اسٹریمنگ، کالز اور ویب براؤزنگ میں سست رفتاری کی تصدیق کی۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ وی پی این کے بڑھتے استعمال نے بینڈوتھ پر اضافی بوجھ ڈالا اور انٹرنیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے بینڈوڈتھ کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *