اسلام آباد ہائیکورٹ میں اضافی ججز کی تعیناتی کے لیے نامزدگیوں میں مزید ایک نام کا اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں اضافی ججز کی تعیناتی کے لیے نامزدگیوں میں مزید ایک نام کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکریٹری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی نامزدگی کا ترمیمی مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق، سینیئر ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے اضافی ججز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ترمیمی مراسلے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں اضافی جج کے لیے نامزدگی موصول ہوئی ہے، لہٰذا ان کا نام ججز کی نامزدگیوں میں 20ویں نمبر پر شمار کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے ناموں کی فہرست جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوائی گئی تھی جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے 19 اور بلوچستان کے لیے 11 نام بھجوائے گئے۔
جمعہ کو سیکریٹری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے دفتر کی جانب سے جاری 2 مختلف نوٹیفکیشنز میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 4 ایڈیشنل ججز کے لیے 19 نام جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دیے گئے، بجھوائے گئے ناموں میں 3 ڈسٹرکٹ سیشن جج اور ایک ایڈیشنل سیشن جج کا نام بھی شامل ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ججز تقرری کمیٹی کے چیئرمین کو بجھوائے گئے ناموں میں ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور، سیشن جج راجہ جواد عباس حسن، سشین جج اعظم خان اور شاہ رخ ارجمند کا نام شامل ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے بھیجے گئے مزید ناموں میں ایڈوکیٹ عدنان بشارت، ایڈوکیٹ سید قمر حسین سبزواری، ایڈوکیٹ عمر اسلم کا نام بھی شامل ہے، اسی طرح انعام اٰمین منہاس، محمد عثمان غنی راشد چیمہ کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت، ایڈوکیٹ عدنان حیدر، ندرت بیان مجید، سلطان مظہر شیر خان، کاشف علی ملک اور دانیال اعجاز کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جوڈیشل کمیشن کو بجھوائے گئے مزید ناموں میں شاہد محمود کھوکھر، بابر بلال، محمد عبدالرافع، چوہدری حفیظ اللہ یعقوب بھی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *