ملک کو اب کسی سیاسی نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے: احسن اقبال
لاہور ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو اب کسی سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جمہوریت یہ نہیں کہ نفرتیں پیدا کریں ملک تب ترقی کرتا ہے جب مثبت قوت ابھرتی ہے، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صورتحال کو بہتر کرنے کےلئے خلوص نیت سے کام کریں گے، دوسرا فریق ڈائیلاگ کرے گا تو اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی جنگ کا سامنا ہے ، گزشتہ حکومت دہشت گردی ملک میں داخل کر گئی ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس ہوگا ، دہشتگردی سے ایسے نمٹیں گے جیسے2017-2013 میں نمٹے تھے، دہشت گردی کو شکست دیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں کہیں سے مداخلت ہوگی تو فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، قربانیوں اور جدوجہد سے امن کو واپس لے آئیں گے، ماضی میں مجھے انتہا پسندی کا نشانہ بنایا گیا، ہمیں نفرت کی گولیوں کو ختم کرنا ہوگا، نفرت کی گولی انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی نظریات اور کلچر مختلف تو ہوسکتا ہے لیکن بطور پاکستانی برابری کی بنیاد پر ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی ہے، ہمیں ایک قوم بن کر سوچ کو یکجا کرنا ہوگا ، نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے ، 2047ءمیں بھارت و پاکستان آزادی کا سو سال کا جشن منائیں گے تو اس وقت ہمارے لئے بڑا سوال ہوگا کہ نوجوان نسل سرخرو یا فخر کرے گی؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان نسل نے سرخرو ہونا ہے تو کامیاب ملک کی طرح امن ، سیاسی استحکام پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کو اپنانا ہوگا، ہم تین بار پاکستان کی اڑان کو کریش کرچکے ہیں، پاکستان چوتھی بار
اڑان بھرنے کو تیار ہے اب اس اڑان کی حفاظت کرنی ہے ، اگر اس ریس کو جیتنا ہے تو سیلف امیج بہتر کرنا ہو گا، جب تک سیلف امیج درست نہیں ہو گا کوئی قوم نہیں جیت سکتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں سکھایا گیا بطور قوم چور اور ڈاکو ہیں ، یورپ یا امریکا میں جائیں ان سے پوچھیں پاکستانی کیسے ہیں تو کہیں گے پاکستانی قوم محنتی و ذہین ہے، ہمارا برانڈ چور ڈاکو نہیں ہے ، کچھ لوگوں نے ایک نسل کو گمراہ کیا۔