تربت میں دھماکا، چار افراد جاں بحق اور 32 زخمی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تربت کے علاقے ڈھنگ میں دھماکے کے سبب چار افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے ڈھنگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس اور دکھ ہوا، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔