آج کہاں ہوگی بارش اور کہاں پڑے گی برف؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اتوار کو شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بھکر، نورپور تھل، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، نارووال، حافظ آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور اور لاہور میں بارش کی توقع ہے۔
سکھر، بینظیرآباد، شکارپور اور خیرپور سمیت بالائی سندھ میں بھی صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش اور چند مقامات پر برفباری ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔
سب سے زیادہ بارش چترال 73 ملی میٹر، میر کھانی 29، دیر (بالائی 27، زیریں 03)، دروش 20، کالام 04، پٹن، پاراچنار 03، مالم جبہ، کاکول 02 اور سکردو میں 04 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
سب سے زیادہ برفباری چترال 11 انچ، کالام، دروش 02 اورمالم جبہ میں 01 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔ سب سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی 11، قلات منفی 09، کوئٹہ منفی 08، گوپس منفی 06، پاراچنار، بگروٹ منفی 04، ہنزہ اور لہہ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *