کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائیگا، امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا: بیرسٹر سیف


پشاور(قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے، وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کرم امن معاہدے کے تحت تقریباً 3 ماہ بعد پہلے قافلے کو کرم کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم قافلے کی روانگی سے کچھ وقت قبل لوئر کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کے کانوائے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈی سی جاوید محسود سمیت ایف سی اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، فائرنگ کے واقعے کے بعد کرم کو جانے والے قافلے کی روانگی روک دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *