انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران 42 فیصد اضافہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نےکہا ہے کہ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات میں رواں مالی سال 2021-22ء پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ہوا، ان کا حجم 635 ملین ڈالر رہا۔
مشیر تجارت نے یہ بات اپنے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر کہی ۔انھوں نے کہا کہ مالی سال 2201-22ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات کی برآمدات جولائی سے ستمبر کے دوران بڑھ کر 635 ملین ڈالر ہو گئیں۔
گزشتہ سال اسی عرصے میں اس شعبے کی برآمدات کا حجم 445 ملین ڈالر رہا تھا ،یہ سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ہے۔
انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں اور لگن کی تعریف کی۔ مشیر تجارت نے کہا کہ یہ دیکھ کر کہ آئی ٹی سیکٹر کس طرح ترقی کر رہا ہے۔ امید ہے کہ ہم مالی سال 2021-22ء کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف بھی عبور کر لیں گے۔