’ریما خان فراڈ ہیں‘، قطر سے آئے شخص کا سابقہ اداکارہ پر الزام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ و میزبان ریما خان شوبز انڈسٹری سے دور ہیں لیکن اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں وہ ایک بار پھر دھوکا دہی کے الزام کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
اداکارہ ریما خان کے خلاف دھوکا دہی کے الزامات شاہد رفیق نامی ایک شخص نے لگائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قطر میں کام کرتے تھے اور مبینہ طور پر ریما خان کی فلم ’لو میں گم‘ میں سرمایہ کاری کرتے تھے۔
شاہد رفیق کا کہنا تھا کہ وہ 2009 میں قطر سے لاہور واپس آئے تھے تاکہ کچھ پراپرٹی خرید سکیں۔ اسی سلسلے میں ان کی ملاقات ریما خان کی بہن مائرہ خان سے ہوئی جو کہ ایک ریئل اسٹیٹ ڈیلر تھیں۔ شاہد رفیق کے مطابق انہوں نے مائرہ خان سے کہا کہ وہ پلاٹ خریدنا چاہتے ہیں جس پر مائرہ خان نے انہیں اپنی بہن ریما خان کی فلم میں سرمایہ کاری کرنے کو کہا۔
ریما کی بہن نے کہا کہ 5,6 مہینے کے لیے 50,60 لاکھ روہے انویسٹ کر لیں اور یقین دلایا کہ اس میں انہیں منافع ملے گا اور ریما خان سے ان کی ملاقات کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے بعد انہوں نے فلم کے لیے رقم منتقل کر دی لیکن بعد ریما خان کی بہن مزید پیسوں کی ڈیمانڈ کرنے لگیں۔
شاہد رفیق نے مزید کہا کہ ریما خان نے انہیں ملائیشیا بھی بلایا جہاں فلم کی شوٹنگ کے لیے اسٹار کاسٹ موجود تھی وہ بھی 20,25 دن اسی ہوٹل میں ٹھہرے جب فلم مکمل ہو گئی تو پیسے لوٹانے کی بجائے وہ مزید پیسوں کا تقاضا کرتے رہے اور انہیں رقم کی ادائیگی نہیں کی۔
شاہد رفیق کے مطابق ریما خان نے پیسے دینے کے بجائے ان سے ایک معاہدہ کیا جس کے تمام ثبوت بھی ان کے پاس موجود ہیں اور اس کے علاوہ بینک اسٹیٹمنٹ کا ریکارڈ بھی موجود ہے لیکن ریما خان نے مجھ پر 20 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کر دیا کہ میں فراڈ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریما خان سامنے آئیں تو پتہ چلے فراڈ کون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس کے بعد سول کورٹ گئے اور جج صاحب نے لکھ کر دیا کہ شاہد رفیق نے نہیں بلکہ ریما خان نے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا فراڈ کیا ہے۔ وہ سول اور سیشن کورٹ میں کیس ہار چکی ہیں اور ہائیکورٹ میں انہوں نے اسٹے لیا ہے ریما خان کو آنے کا آرڈر کیا گیا ہے لیکن وہ درخواست دے کر مہلت لے رہی ہیں۔ شاہد رفیق نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ یہ کیس جیت جائیں گے۔
واضح رہے کہ ریما خان ایک سابق پاکستانی فلمی اداکارہ ، ہدایت کار اور پروڈیوسر ہیں جو بلندی، نکاح، ہاتھی میرا ساتھی، چور مچائے شور، لو میں گم سمیت متعدد پاکستانی ہٹ فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *