پی ٹی آئی مذاکرات میں اصل ’اسٹیک ہولڈرز‘ سے مشاورت کے لیے حکومت کو وقت دے رہی ہے، اسد قیصر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی حکومت کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پی ٹی آئی کے مطالبات واضح ہیں، انہیں تحریری طور پر پیش کرنا محض ایک رسمی عمل ہے۔
اتوار کو ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں اسد قیصر نے کہا کہ آئندہ مذاکرات میں قومی مفاد کو ترجیح دی جائے اور خلوص اور جلد بازی میں فیصلوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ہم حکومت کی ٹیم کو ’تمام اسٹیک ہولڈرز‘ سے مشاورت کے لیے وقت دے رہے ہیں۔ اس ہفتے متوقع مذاکرات کے تیسرے دور میں وضاحت سامنے آ جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسد قیصر نے انکشاف کیا تھا کہ پارٹی نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم پر زور دیا تھا کہ وہ مذاکراتی عمل میں اصل ’اسٹیک ہولڈرز‘ کو شامل کرے، انہوں نے کہا کہ ’یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ حقیقی فیصلہ سازی کے اختیارات رکھنے والے کیا سوچتے ہیں’۔
ٹی وی انٹرویو میں اسد قیصر نے ٹریژری ٹیم پر زور دیا کہ وہ حتمی فیصلے میں کسی بھی ابہام کو ختم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور بانی پی ٹی آئی کے علاوہ پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کو بھی مذاکرات میں شامل کیاجائے۔
اسد قیصر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا مذاکراتی عمل کو پٹڑی سے اتارنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پارٹی نے اہم مثبت فیصلے کرنے کے لیے بات چیت کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہے۔