بشریٰ بی بی سے بیک ڈور مذاکرات پر چئیرمین پی ٹی آئی کی وضاحت

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہمارے یا بشریٰ بی بی کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے، نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بنائی ہے، وہی مذاکرات کررہی ہے۔

بیرسٹڑ گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ دو اجلاس ہوچکے ہیں، مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ضروری ہے، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید تھی آج ملاقات ہوگی لیکن ابھی تک کوئی کنفرمیشن نہیں، امید ہے کل ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بلکل شامل نہیں ہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔ میں نے اس خبر کی تردید کی ہے، ایسی کوئی بات نہیں، ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی ہے وہی مذاکرات کررہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے دو اجلاسوں کے علاوہ کہیں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، ہمارے دو ہی مطالبات ہیں اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام، بانی پی ٹی آئی نے ان دو مطالبات کیلئے ٹائم فریم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے 190 ملین پاؤند کا فیصلہ آنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے القادر کیس میں کوئی ذاتی فوائد حاصل نہیں کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گواہوں نے بھی عدالت میں بتایا ہے بانی پی ٹی آئی کا براہ راست کوئی لین دین نہیں تھا، امید ہے القادر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بری ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *