روضہ رسول ﷺ کی زیارت اب مزید آسان، ہر 20 منٹ بعد بکنگ ممکن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے خواہشمند زائرین کے لیے ایک بڑی خوشخبری! اب آپ سال بھر میں ایک سے زیادہ مرتبہ روضہ شریف کی زیارت کرسکتے ہیں اور وہ بھی بغیر کسی طویل انتظار کے۔
سعودی حکومت نے زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ’نسک ایپلیکیشن‘ کے ذریعے ایک جدید نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت زائرین ہر 20 منٹ میں بکنگ کا نیا موقع حاصل کرسکتے ہیں۔
زائرین کو روضہ شریف کی زیارت کے لیے مسجد نبوی کے قریب موجود ہونا ضروری ہے اور بکنگ کے دوران جی پی ایس کو فعال رکھنا ہوگا۔ سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ اب زائرین کو زیارت کے لیے ایک سال کے طویل انتظار کی ضرورت نہیں رہی، بلکہ وہ کسی بھی وقت دوبارہ زیارت کے لیے بکنگ کرسکتے ہیں۔
اس کے لیے مختص (نسک) ایپ میں ایک خاص کیٹیگری ’Instant Track‘ کے نام سے موجود ہے، جہاں ہر 20 منٹ کے بعد مقررہ اوقات دستیاب ہوں گے، جنہیں زائرین اختیار کرکے روضہ شریف میں مکرر داخل ہوسکتے ہیں۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے نسک ایپلیکیشن کے ذریعے زائرین کو نہ صرف روضہ شریف کی فوری بکنگ کی سہولت فراہم کی ہے بلکہ اس کے ذریعے کئی دیگر خدمات بھی دستیاب ہیں۔
زائرین اس ایپ کے ذریعے حرمین ٹرین کے ٹکٹ آسانی سے خرید سکتے ہیں، جو مکہ، مدینہ اور جدہ کے درمیان تیز ترین سفر کا ذریعہ ہے۔ مزید یہ کہ حج اور عمرہ گائیڈز، قرآن پاک کی تلاوت، قبلہ کی سمت معلوم کرنے، اور دعاؤں کے کتابچہ جیسی خدمات بھی اس ایپ پر دستیاب ہیں۔
یہ جدید سہولیات سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کی خدمت اور ان کے روحانی تجربے کو مزید پرسکون اور یادگار بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہیں۔
نسک ایپ کا استعمال نہایت آسان ہے اور یہ ہر زائر کو اس کی ضروریات کے مطابق تمام خدمات فراہم کرتی ہے۔ زائرین اپنے موبائل پر نسک ایپ کو ڈاؤن لوڈ یا اپ ڈیٹ کرکے حرمین شریفین میں فراہم کی جانے والی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *