ہانیہ عامر اور یشما گل کے مختصر لباس پر تنقید؟ حنا بیات کا وضاحتی بیان آگیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئراداکارہ حنا بیات نے مختصر لباس پر تنقید کرنے کے بعد اپنا وضاحتی بیان جاری کردیا۔
حنا بیات نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے تمام سوشل میڈیا پیچز پر قربان جاؤں جن کے پاس اپنا تو کوئی کانٹنٹ ہوتا نہیں لیکن کہیں سے بھی کسی کی کہی ہوئی بات اٹھا لیتے ہیں اور یہ نہیں دیکھتے کہ بات کیا اور کس طرح ہو رہی تھی اور شہہ سرخی بنا کر وائرل کردیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کانٹینٹ کے بعد ان پیچز کو ویوز تو مل جائیں گے کیونکہ آپ نے 3، 4 وہ نام لیے ہیں جن کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے ہیں لیکن جن شخصیات سے ان باتوں کو جوڑا گیا اس سے غلط فہمیاں ہوئیں اور ان کی دل آزاری بھی ہوئی ہے۔ یہ کون سا کانٹینٹ ہے کہ آپ لوگوں کے دل برے کر دیتے ہیں۔ کسی سے ایسی بات منسوب کر دیتے ہیں جو انہوں نے کہی بھی نہیں ہوتی۔
View this post on Instagram
انہوں نے اعتراف کیا کہ میں نے یہ بات ضرور کی تھی کہ ہمارا پہناوا آج کل کہیں پر نظر نہیں آ رہا۔ آج کل تو پشواس اور انگرکھا بھی کہیں نظر نہیں آرہا تو اسی طرح اب لہنگے اور غرارے کے ساتھ اب قمیص بھی کہیں نظر نہیں آتی۔ تو پھر یہ بات ایسے کس طرح ہو گئی کہ میں نے ہانیہ عامر اور یشما گل کو جج کیا ہے؟
حنا بیات کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ میں خدا نہیں ہوں اور اللہ نہ کرے کہ میں کسی کو جج کروں لیکن اللہ آپ کو جج کرے گا جو اپنے ویوز بڑھانے کے لیے بات کو کوئی اور رنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کو ہدایت دے اور ہر طرح کے شر سے محفوظ رکھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ یشما گل کی بہن کی شادی پر ہانیہ عامر اور یشما کے مختصر لباس میں رقص پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جا رہی تھی ایسے میں سینئر اداکارہ حنا بیات کا بھی ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں سوچتی ہوں کہ کیا لوگ آج کل بھول گئے ہیں کہ قمیض نام کی بھی کوئی چیز ہوتی ہے‘۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد صارفین نے کہا کہ حنا بیات نے یہ بات ہانیہ عامر اور یشما گل کے لیے کی ہے جنہوں نے شادی کی تقریب میں لہنگا چولی پہن رکھی تھی۔