شان اور معمر رانا نے وعدہ شکنی کی، اداکار سعود قاسمی کے انکشافات
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سعود قاسمی نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار اداکار شان شاہد اور ڈائریکٹر سید نور کو ٹھہرا دیا۔
سعود قاسمی نے حال ہی میں احمد بٹ کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اداکار معمر رانا اور شان ان کے پاس آئے اور انہوں نے ایک ساتھ بیٹھ کر فیصلہ کیا کہ ایسی فلموں میں کام نہیں کریں گے جن میں ان کا کلچر نہیں ہے کیونکہ پنجاب کا کلچر گولیاں چلانا اور لڑائیاں نہیں ہے۔
اداکار سعود نے کہا کہ انہوں نے اس فیصلے کے بعد فلم کرنے سے منع کر دیا لیکن شان اور معمر رانا دونوں نے جا کر فلم سائن کر لی جس کے بعد تمام پروڈیوسرز نے مل کر میرا بائیکاٹ کر دیا جس پر میں نے کہا کہ یہی لوگ انڈسٹری کو تالے لگائیں گے اور میں نے کراچی آ کر شادی کر لی۔
اُنہوں نے کہا کہ شان شاہد اور سید نور نے انڈسٹری کو بہت نقصان پہنچایا ہے، اگر یہ دونوں چاہتے تو انڈسٹری بہت آگے جا سکتی تھی۔ ان سے پہلے والے لوگ بھی ایسے تھے ان لوگوں نے اپنا بزنس دیکھا انڈسٹری کو نہیں دیکھا جیسے بھارت بالی ووڈ کو دیکھتا ہے۔
سعود نے کہا کہ سلطان راہی کا دور اچھا تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اپنے آپ کو بدلنا چاہیے تو اس انڈسٹری کے زوال میں ہم سب کا ہی تھوڑا تھوڑا ہاتھ ہے اور اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ شان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکار شان دوسروں میں نقص نکال کر غلط کرتے ہیں اگر وہ ایسا کرنا چھوڑ دیں تو وہ بہت اچھے انسان بن سکتے ہیں۔