سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو الوداع کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان اور ان کے شوہر کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
ثنا خان اور ان کے شوہر انس نے پیر کو انسٹاگرام پر یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور بتایا کہ 5 جنوری کو ان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں قرآن کی تلاوت جاری تھی اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا تھا کہ’ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز مقدر میں لکھ دی ہے، وقت آنے پر اللہ اسے عطا کرتا ہے اور جب عطا کرتا ہے تو جھولیاں خوشیوں سے بھر دیتا ہے’۔
یاد رہے کہ ثنا خان نے 2020 میں بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور 2021 میں مفتی انس سید سے شادی کی تھی۔
2023 میں ثنا خان اور مفتی انس کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔
اداکارہ ثنا خان نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ مفتی انس کا رشتہ ان تک معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی وائس نوٹ میں پہنچا تھا جسے سن کر وہ حیران رہ گئی تھیں۔
بعد ازاں جوڑے نے اپنے پہلے بیٹے کا نام سید طارق جمیل رکھا تھا۔