بھارت کو زور دار جھٹکا، جسپریت بمراہ کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا امکان
نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی پیسر جسپریت بمراہ کی کمر میں تکلیف کے سبب انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز خطرے میں پڑ گئی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پیشِ نظر بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز آرام کرایا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارڈر-گواسکر سیریز میں 150 سے زائد اوورز کروانے والے جسپریت بمراہ نے 32 وکٹیں لے کر بھارت کو آسٹریلیا پر حاوی رکھنے کی کوشش کی۔ تاہم، کمر میں تکلیف کی وجہ سے سیریز کی آخری اننگ میں بولنگ نہیں کروا سکے تھے۔
فاسٹ بولر کی انجری کا براہ راست تعلق سیریز میں اضافی ورک لوڈ سے بتایا جاتا ہے اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم آئی سی سی ایونٹ (جہاں بمراہ کا ہونا بھارت کے لیے انتہائی ضروری ہے) سے قبل ان کو تیار کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بمراہ کو کس نوعیت کی کمر کی تکلیف ہے اس کا تعین ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔
اگر انہیں گریڈ 1 کی انجری ہے تو وہ دو سے تین ہفتے کے بعد دوبارہ کھیل سکیں گے جبکہ گریڈ 2 کے کیس میں ان کو چھ ہفتوں تک کھیل سے دور رہنا پڑ سکتا ہے۔ لیکن گریڈ 3 کی صورت میں ان کو کم از کم تین ماہ کا آرام کرنے کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے آسٹریلیا نے بھارت کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-3 سے شکست دی۔