لونگ آپ کو سردیوں میں گرم رکھنے میں کس طرح مدد کرتی ہے؟
لونگ ان گنت فائدوں سے لبریز قدرت کا انمول خزانہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موسم سرما اپنے ساتھ بہت سی خوبصورتی اور سکون لاتا ہے، لیکن کچھ زحمتیں بھی اس کے ساتھ ساتھ آتی ہیں۔ ان دنوں سب سے بڑی پریشانی میں سے ایک ہے ٹھنڈے ہاتھ پاؤں۔ جس لمحے آپ اپنی جیبوں سے ہاتھ نکالتے ہیں یا اپنے موزے اتار دیتے ہیں، سردی اپنا اثر دکھاتی ہے، اور آپ کے ہاتھ یخ ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں جو کہ اکثر شدید پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔ لیکن کیا ہوگا اگر ہم آپ کو بتائیں کہ سردی کو شکست دینے کا ایک انتہائی آسان، قدرتی طریقہ بھی ہے؟
لونگ وہ مصالحہ ہے جو ہر گھر کے کچن میں آسانی سے دستیاب ہوتا ہے لیکن اس کی اصل افادیت سے ہم واقف نہیں، یہ درحقیقت قدرت کا انمول خزانہ ہے۔
اس میں سردیوں کے موسم میں سردی سے بچنے یا محفوظ رہنے کا راز پوشیدہ ہے۔
سردیوں میں ہمارے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے کیوں ہوتے ہیں؟
کولمبیا یونیورسٹی کے ارونگ میڈیکل سینٹر کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق آپ کے دماغ اور دل جیسے اہم اعضاء کے لیے آرام دہ درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لیے، آپ کا جسم آپ کے ہاتھ اور پاؤں تک خون کے بہاؤ کو کم کرتا ہے۔
لونگ آپ کو سردیوں میں گرم رکھنے میں کس طرح مدد کرتی ہے؟
جب گرم رہنے کی بات آتی ہے تو لونگ آپ کے لیے نیا بہترین مددگار ہوسکتی ہے۔
درحقیقت، آپ کے سردیوں کے کھانے میں لونگ کا استعمال لازمی ہونا چاہیے۔ کیونکہ یہ خون کی گردش کو بہتر بنانے کے لیے مشہور ہے جو آپ کے ہاتھوں اور پیروں کو گرم رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
جیسا کہ ماہر غذائیت ایشا لال بتاتی ہیں، لونگ میں موجود بائیو ایکٹیو مرکب ’یوجینول‘ خون کی نالیوں کو پھیلانے اور خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے۔ لونگ خاص طور پر اس وقت مددگار ثابت ہوتی ہے جب آپ سردی کے موسم میں اپنے اعضاء کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہے ہوں۔
لونگ آپ کو ٹھنڈ سے بچاتی ہے، نزلہ زکام، کھانسی اورگلے کے درد میں آرام پہنچاتی ہے اور جسم کو گرم رکھنے مین مددگار ہوتی ہے۔
یہ صحت کے کئی دیگر فوائد بھی پیش کرتی ہے۔
اس کا قہوہ یا چائے لونگ کے اجزاء سے فائدہ اٹھانے کا بہترین طریقہ ہوسکتا ہے۔
سردیوں میں دمے کا مرض زیادہ اثر انداز ہوتا ہے، ایک گلاس پانی میں لونگ ابال کرچھان لیں اور شہد ملا کر پینے سے بہت افاقہ ہوتا ہے۔
لونگ کا استعمال قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال ذیابیطس، معدے کی جلن، بدہضمی، قبض، اور دوسری بہت سی بیماریوں میں ازحد فائدہ مند اور موثر ہے۔
بیدیا ناتھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر آشوتوش گوتم بھی اس کے فوائد میں بتاتے ہیں کہ لونگ کا تیل اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرا ہوتا ہے۔ یہ آپ کے جسم کو جو فائدے پہنچاتا ہے، یہ قوت مدافعت کو بڑھانے کے علاوہ، منہ کی صحت کے لیے بہت اچھی ہے۔ لونگ کے تیل میں یوجینول کمپاؤنڈ جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے جو دانتوں کے درد، مسوڑھوں کی سوزش اور السر سے نمٹنے میں مدد کرتا ہے۔
یہ صحت مند ہاضمے میں مدد کرتی ہے اور آپ کی آنتوں کے نظام کو ہموار کرتی ہے۔ یہ وزن کے انتظام کے لیے بھی بہت اچھی ہے کیونکہ یہ قدرتی طور پر آپ کے میٹابولزم کو بڑھاتی ہے۔
یہ آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار رکھنے میں مدد گار ہے۔ بس لونگ کو اپنی خوراک میں شامل کریں اور اپنی جلد کی تبدیلی کو دیکھیں۔
لونگ کو اپنی غذا میں شامل کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ں صبح کی چائے میں 2 سے 3 لونگ ڈال کر پئیں۔
گرم پانی میں لونگ ڈال کرسارا دن گھونٹ گھونٹ پینا بہترین رزلٹ دے سکتا ہے۔ کچھ لوگ پان میں لونگ ڈال کر کھاتے ہیں۔
سوپ اور میٹھے کے اوپرلونگ کا پاؤڈر چھڑک کر لونگ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
درحقیقت لونگ نہایت آسانی سے دستیاب وہ خزانہ ہے جو آپ کی سب سے بڑی دولت کو بچاتا ہے یعنی آپ کی صحت۔