یو اے ای نے 2ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا،وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات(یو اے ای)نے 2ارب ڈالر کا قرض رول اوور کردیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اتوار کو رحیم یار خان میں یواے ای کے صدر سے ملاقات ہوئی،یواے ای کے رہنما سے بڑی مثبت بات چیت ہوئی،متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں باہمی تعلقات اور سرمایہ کاری پر بات ہوئی،باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات سے متعلق گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہاکہ یو اے ای نے 2ارب ڈالر رول اوور کر دیئے ہیں،ان کاکہناتھا کہ ایک ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس میں انوسٹمنٹ سے اچھا تاثر قائم ہوگا، اسحاق ڈار سے گزارش کی ہے کہ سرمایہ کاری سے متعلق معاملات کو آگے لے کر جائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ جب تک بجلی کی قیمت کم نہیں ہو گی ترقی نہیں کر سکتے،میں نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت کس طرح کم ہو سکتی ہے،بجلی کی قیمت کم کرنے کی 2،3آپشنز ہیں، رواں ہفتے ایک اور میٹنگ کرکے آپشنز کو آگے لیکر بڑھیں گے،بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سمیڈا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،سمیڈا کا بورڈ تک نہیں تھا اس کا بورڈ مکمل کیا،15جنوری کو سمیڈا سے متعلق اور میٹنگ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے،ٹیکسٹائل روایتی برآمدات کا ایک بہت بڑا سورس ہے،ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کیلئے ہمارا روایتی ذریعہ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ انڈونیشیا کے صدر اس مہینے پاکستان آ رہے ہیں،سرمایہ کاری سے متعلق کل میٹنگ کی ہے،ملائیشیا کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں،انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ برآمدات سے متعلق بات چیت کریں گے،ان کاکہناتھا کہ لوئر کرم میں امن معاہدے کے بعد حملہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے،کرم میں امن معاہدے کے بعد ایک واقعہ ہوا، قافلے پر حملہ میں ڈی سی زخمی ہوئے،امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے یہ ایک مذموم حرکت ہے،حملے کے زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔