عمران خان کو رہا کرنے کی آفر محسن نقوی نے کی تھی، شیر افضل مروت کا اہم انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور ہمارے درمیان مذاکرات آگے نہ بڑھے تو شاید دوبارہ ٹیبل پر آنا مشکل ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کو ہاؤس اریسٹ کرنے کی پیشکش حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے محسن نقوی نے کی تھی، جبکہ 22 دسمبر کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی آفر بھی محسن نقوی کی طرف سے آئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے، محسن نقوی اگر مذاکرات کا حصہ ہوتے تو اب تک ہماری عمران خان سے ملاقات ہوچکی ہوتی۔

شیر افضل مروت نے کہاکہ امید ہے ہماری مذاکراتی کمیٹی کی کل عمران خان سے ملاقات کرا دی جائےگی، اصل میں عمران خان سے ’وہی‘ ملاقات کراتے ہیں، حکومت کا عمل دخل نہیں ہوتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا، اگر ملاقات نہیں کرانی تو آنے والا وقت ہمارے لیے ماضی سے بدتر ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ لگتا ہے ان کی سوچ کچھ اور ہے، دو ڈھائی سال میں ہم پر شفقت ہوتی تو ہمارے رویے بدل چکے ہوتے، عمران خان جو باتیں کررہے ہیں، ماضی میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے بھی کیں۔

شیر افضل مروت نے کہاکہ رچرڈ گرینل کی اپنی رائے ہے، تاہم ہمیں کوئی توقع نہیں کہ ٹرمپ کے آنے سے ہمارے لیے کوئی بھلائی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں توقعات اپنی عدلیہ سے ہیں کیونکہ پی ٹی آئی اور عمران خان کو وہیں سے ریلیف ملنا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہے، اس سے قبل بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں، تاہم تیسری میٹنگ کا وقت سامنے نہیں آسکا، تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ اب مذاکرات کے آئندہ دور سے قبل مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *