پی ٹی ایم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ

پشاورـ(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی اسمبلی کی فل ہاؤس کمیٹی کے اجلاس میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت اجلاس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر کے علاوہ اپوزیشن لیڈر اور دیگر ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں پختون قومی جرگے کے مطالبات پر پیشرفت کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پختون قومی جرگے کی طرف سے پیش کردہ مطالبات اور مسائل کے حل پر پیشرفت کے لیے سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سب کمیٹی میں اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی ایک ہفتے میں پختون قومی جرگے کی طرف سے پیش کردہ 27 نکات اور مطالبات پر پیشرفت کے لیے اتفاق رائے سے تجاویز پیش کرےگی۔ جو فل ہاؤس کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

اس کے بعد فل ہاؤس کمیٹی وفاقی حکومت سے جڑے مسائل ضروری کارروائی کے لیے وفاق کو بھیجے گی، جبکہ صوبائی حکومت سے متعلق مسائل کو صوبائی ذمہ داران کو بھجوایا جائےگا۔ جبکہ دیگر اداروں سے جڑے مسائل متعلقہ اداروں کے سامنے اٹھائے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *