سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیاں، 19 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا، اور 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دوسری کارروائی ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں کی، جہاں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، اور اس دوران مزید 8 دہشتگرد مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسری کارروائی ضلع کرک میں کی گئی، جہاں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں وہاں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، تاکہ رہ جانے والے دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاسکے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔