قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ طریقہ کار بھی لکھ کردیں، حکومت نے پی ٹی آئی پر واضح کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہے، اور اب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنے مطالبات تحریری شکل میں دیں، اس کے علاوہ قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ طریقہ کار بھی لکھ کردیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیقی نے اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب تک تحریک انصاف کی جانب سے مطالبات تحریری شکل میں سامنے نہیں لائے جاتے بات آگے نہیں بڑھ سکتی، کیونکہ زبانی کلامی اگر ہم آگے بڑھتے ہیں تو کل تک مطالبات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ابھی تک ہم 23 دسمبر کے اجلاس والی جگہ پر کھڑے ہیں، پی ٹی آئی نے 2 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں مطالبات تحریری شکل میں پیش نہیں کیے۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ 2 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ اگلی میٹنگ کی کال پاکستان تحریک انصاف دے گی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے ہدایات دی ہوئی ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہاکہ اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ کیوں مؤخر ہورہا ہے، شیخ وقاص نے کہا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اگر عمران خان کو سزا بھی ہوگئی تو مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی توجہ معیشت پر ہے اور خوش اسلوبی سے معاملات کا حل چاہتی ہے، ہمیں امید ہے کہ مذاکرات میں تعطل نہیں ہوگا۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ پی ٹی آئی سے کہا ہے کہ جب قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ لائیں تو ساتھ طریقہ بھی لکھ کر لائیں، ذوالفقار بھٹو نے بھی جب مذاکرات شروع کیے تھے تو ابتدا تحریری معاملات سے ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہے، اس سے قبل بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں، تاہم تیسری میٹنگ کا وقت سامنے نہیں آسکا، تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ اب مذاکرات کے آئندہ دور سے قبل مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *