’ آپ رشتہ کرتے ہوئے پیسہ نہیں دیکھتے؟‘ مشی خان کا نیلم منیر پر تنقید کرنے والوں کو جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے حال ہی میں ازدواجی زندگی کی شروعات کی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے شوہر کا تعلق دبئی سے ہے اور وہ ایک کاروباری شخص ہیں۔ اداکارہ کی جانب سے نکاح کی تصاویر شیئر کیے جانے پر اکثر صارفین کی جانب تنقید بھی کی جا رہی تھی جس کا جواب اب پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے دیا ہے۔
مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ نیلم منیر کی شادی ہوئی ہے اور وہ شادی کی تمام تقریبات میں انتہائی خوبصورت لگ رہی تھیں۔ مشی خان کا کہنا تھا کہ نیلم منیر کے شوہر کے بارے میں چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ شیخ ہیں اور نیلم نے پیسے کے لیے شادی کی ہے اور یہ شادی زیادہ دیر کے لیے نہیں چلے گی۔
مشی خان نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی کی خوشی میں خوش بھی ہو لیا کریں، انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان میں جب رشتے ہوتے ہیں تو کیا آپ پیسے نہیں دیکھتے، لڑکے کی آمدنی نہیں دیکھتے جب عام گھروں میں یہ چیز دیکھی جاتی ہے تو اداکار ایسا کیوں نہیں کر سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ عرب کا روایتی لباس پہنیں تو آپ شیخ ہی ہیں اس لیے عقل کا استعمال کریں اور نیلم منیر کی شادی کے لیے اچھے اچھے کمنٹس کریں اس معاملے میں کنجوسی کا مظاہرہ نہ کریں۔
واضح رہے کہ مشی خان ایک معروف پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ اور میزبان ہیں، ان کے قابل ذکر ٹیلی ویژن پروجیکٹس میں عروسہ، عجائب گھر، بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، سات پردوں میں اور دیگر شامل ہیں۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے کے ٹو ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں اور اکثر حالات حاضرہ، تنازعات اور شوبز کے تازہ ترین واقعات پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *