سعودی بجٹ ایئر لائن کی نئی منزل اب پاکستان بھی، مگر کب سے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اپنی بڑی بین الاقوامی توسیعی مہم کے ضمن میں سعودی عرب کی معروف بجٹ ایئرلائن ’فلائی آ ڈیل‘پاکستان کے تجارتی دارالحکومت کراچی کے لیے اپنی شیڈول پرواز کا آئندہ ماہ سے آغاز کررہی ہے۔
2 فروری 2025 سے ’فلائی آ ڈیل‘ ہفتہ میں دو بار سعودی دارالحکومت ریاض اور جدہ کے تجارتی مرکز سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور مالیاتی مرکز کراچی کے لیے پروازیں شروع کررہی ہے۔
’فلائی آ ڈیل‘ کی یہ نئی پروازیں پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے کم لاگت سعودی ایئرلائن کی جانب سے پہلی شیڈول سروسز کا بھی اعلان ہیں، جو ایئرلائن کی جانب سے پاکستان کے گزشتہ حج آپریشن میں حصہ لینے کا بعد کیا گیا ہے۔
فلائی آ ڈیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیون گرین وے کے مطابق اس سال پاکستان کے لیے حج کے چارٹر کو کامیابی سے چلانے کے بعد، کراچی کے دو نئے روٹس بھی شیڈول سروسز کے ساتھ پہلی بار جنوبی ایشیا میں ہماری شمولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
’میں پاکستانی حکام اور اپنی پلاننگ ٹیم کی تعریف کرنا چاہوں گا کہ وہ فلائی آ ڈیل کے سال بھر کی منزلوں میں ایک نئی مارکیٹ متعارف کرانے کے لیے تندہی سے کام کر رہے ہیں، جس میں پاکستان کے مزید شہر بھی شامل کیے جائیں گے۔‘
سعودی عرب میں کئی برسوں میں ٹھوس ڈومیسٹک آپریشن مرتب کرنے کے بعد، 2025 کے دوران بین الاقوامی ترقی اب فلائی آ ڈیل ایئرلائن کی توجہ کا مرکز ہے، جو ادارے کے سربراہ کے مطابق توسیع کا ایک دلچسپ سال ہو گا کیونکہ مزید طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر لائن فلائی آ ڈیل 2 فروری کو پہلی فلائٹ جدہ سے پاکستان کے کراچی ایئرپورٹ کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر 45 منٹ پر پرواز کرے گی، بی بی سی کے مطابق’فلائی آ ڈیل‘ ہفتے میں 2 دن کراچی اور 2 دن لاہور سے جدہ اور ریاض کے لیے اپنی سروسز فراہم کرے گی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 2012 میں دوطرفہ ایئر سروس کا معاہدہ ’اوپن اسکائیز‘ طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ملک ایک دوسرے کی ایئر لائنز کو اپنے کسی بھی شہر میں سروس فراہم کرنے کی اجازت دینے کے پابند ہوتے ہیں۔
چونکہ ’فلائی آ ڈیل‘ کم لاگت والی بجٹ ایئرلائن شمار کی جاتی ہے لہذا صارفین کے نقطہ نگاہ سے دیکھا جائے تو ماہرین کو امید ہے کہ ایک نئی ایئر لائن کے آپریشن کے بعد مسابقت کی وجہ سے ہوائی سفر نسبتاً سستا ہونے کا امکان ہے۔