شوٹنگ پر 12 گھنٹےدیر سے پہنچنے والے گووندا اب وقت سے پہلے کیوں آتے ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گووندا بالی ووڈ میں 90 کی دہائی کے مقبول ترین چہروں میں سے ایک تھے جنہوں نے کئی مزاحیہ فلموں میں کام کیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ ایک ہی دن میں کئی فلموں کی شوٹنگ کرتے تھے اور اکثر ایک ساتھ تقریباً 10 پروجیکٹس پر کام کرتے تھے۔ جس کی وجہ سے فلم بینوں کو ان کے سیٹ پر پہنچنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔
گووندا سیٹ پر اپنے دیر سے آنے کے لیے مشہور تھے لیکن ان کی بے پناہ مقبولیت نے سب کو اس بات کو برداشت کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔ بالی ووڈ کے مشہور اداکار شکتی کپور کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ گووندا میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا جو چیز اب گووندا کے بارے میں بدل چکی ہے وہ ان کی بر وقت سیٹ پر آمد ہے۔ پہلے وہ صبح 9 بجے کی شفٹ کے لیے 9 بجے رات آتے تھے اور اب وہ 9 بجے کی شفٹ کے لیے 8:30 بجے صبح ہی پہنچ جاتے ہیں۔
شکتی کپور کا کہنا تھا کہ عدم تحفظ انسان کو کہاں سے کہاں پہنچا دیتا ہے۔ اب گووندا بہت پروفیشنل ہو گئے ہیں اور پوری انڈسٹری انہیں جانتی ہے۔ شکتی کپور کے مطابق لوگ کہتے ہیں کہ اب گووندا کے لیے کامیابی کا وقت گزر چکا ہے لیکن میں ایسا نہیں مانتا۔ ہم نے ایسے لوگوں کو دیکھا ہے جنہیں دیر سے بھی کامیابی ملی جیسے امریش پوری نے 44 سال کی عمر میں کیریئر شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی اداکار یا آرٹسٹ کے لیے کبھی بھی دیر نہیں ہوتی۔
ماضی کا ایک واقعہ سناتے ہوئے شکتی کپور نے بتایا کہ گووندا کے رقص، اداکاری اور کامیڈی نے انہیں مداحوں اور فلم سازوں کے درمیان ایک محبوب ستارہ بنا دیا تھا۔ ایک بارجب وہ حیدرآباد میں شوٹنگ کر رہے تھے تو عامر خان صرف انہیں پرفارم کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے سیٹ پر آئے تھے۔
شکتی کپور نے بتایا کہ عامر خان خفیہ طور پر شوٹنگ دیکھنے آئے تھے لیکن شکتی کپور نے انہیں دیکھ لیا اور ان سے پوچھا کہ سر! آپ یہاں کیا کر رہے ہیں کسی کو آپ کے لیے کرسی اور چائے لانی چاہیے تھی تو عامر خان نے جواب دیا کہ وہ گووندا کے بہت بڑے مداح ہیں اور دیکھنے آئے ہیں کہ وہ کیسے ایک ہی بار میں اتنے لمبے شاٹس دے پاتے ہیں۔