بالی ووڈ اسٹار سلمان خان میری نقل کرتے تھے، گلوکار حسن جہانگیر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیجنڈ گلوکار حسن جہانگیر کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ان کے اسٹائل کو کاپی کیا کرتے تھے۔
گلوکار حسن جہانگیر نے حال ہی میں عدنان فیصل کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے کیریئر، مشہور گانوں اور فیشن کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ کانسرٹ کے دوران اسٹیج پر شرٹ اتارنے کا مختلف انداز انہوں نے متعارف کرایا جسے بعد میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سمیت دیگر اداکاروں نے بھی کاپی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ 80 کی دہائی میں اسٹار تھے اور اسٹیج پر شرٹ اتارکر تماشائیوں کی جانب پھینک دیتے تھے۔ سلمان خان نے کافی بعد میں ڈیبیو کیا اور پھر یہی انداز اپنایا۔ گلوکار نے کہا کہ وہ آج بھی ان سے زیادہ فٹ نظر آتے ہیں۔
حسن جہانگیرنے بتایا کہ وہ اپنے عروج کے زمانے میں نئے کپڑوں کے ڈیزائن تلاش کرتے تھے جو انہیں عام بازار سے نہیں بلکہ لنڈا بازار سے ملتے تھے۔ جب وہ یہ کپڑے پہنتے تھے تو وہ مشہور ہو جاتے تھے جسے لوگ بعد میں کاپی کرتے تھے۔
واضح رہے کہ حسن جہانگیر کا گایا ہوا گانا ’ہوا ہوا‘ دنیا بھر میں مقبول ہوا۔ وہ پاکستان کی موسیقی میں ایک نیا اندازاوراسٹائل لائے۔’ہوا ہوا‘ نے پاکستان میں ہی نہیں سرحد کے اس پار بھی ہر کسی کو دیوانہ بنادیا تھا۔ حسن جہانگیر کے اس گانے کی شہرت جب چاروں طرف پھیلی تو فلمی جرائد اور اخبارات میں ان کے انٹرویوز شائع ہونے لگے۔
’ہواہوا‘کو بالی ووڈ کی مختلف فلموں میں نقل کیا گیا۔ امیتابھ بچن اور گووندا سمیت کئی سپراسٹارز پر یہ گانا فلمایا گیا۔ اسے بالی ووڈ کے مختلف گلوکاروں نے بھی اپنی آواز میں گایا۔ حسن جہانگیر کو ’ہوا ہوا‘ نے 17برس کی عمرمیں سپراسٹار بنادیا تھا۔ آج بھی یہ گانا دنیا بھر میں ان کی پہچان ہے۔