کیا شاہ رخ خان اور گوری نئے سال میں مکہ مکرمہ گئے تھے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مصنوعی ذہانت کا وسیع پیمانے پر استعمال اور ڈیپ فیکس کا پھیلاؤ پوری دنیا میں تشویش کا باعث ہے۔ برطانیہ اور دیگر ممالک میں ہونے والی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ہزاروں مشہور لوگ ڈیپ فیک ویڈیوز کا شکار ہوچکے ہیں جن کی اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیوز بنائی گئی تھیں۔
بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹار رشمیکا مندانا، کترینہ کیف اور عامر خان کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر گردش کرچکی ہیں جو بعد میں جعلی نکلیں، ڈیپ فیک کا تازہ ترین ہدف شاہ رخ خان ہیں، جو اپنی اہلیہ گوری اور بیٹے آریان کے ساتھ تصاویر میں مبینہ طور پر مکہ میں نظر آرہے ہیں۔
شاہ رخ خان کی تصاویر نئے سال کی آمد پر اس دعوے کے ساتھ منظرعام پر آئیں کہ شاہ رخ خان اور ان کے خاندان کے افراد نئے سال کے پہلے دن مقدس شہر مکہ مکرمہ گئے تھے، تصاویر میں شاہ رخ خان، ان کی اہلیہ گوری اور بیٹے آریان خان مکہ کی عظیم الشان مسجد حرام کے پس منظر کے ساتھ دکھائے گئے ہیں، یہ تصاویر جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تاہم فیکٹ چیک سے معلوم ہوا کہ یہ تصاویر جعلی ہیں اور اے آئی کے ذریعے بنائی گئی تھیں۔
ان تصاویر سے یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری مسلمان ہوگئی ہیں اور وہ شاہ رخ خان کے ساتھ مکہ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور گوری کی شادی 25 اکتوبر 1991 کو ہوئی تھی، 2005 میں کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں گوری خان نے اپنے گھر والوں میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شاہ رخ کے مذہب کا احترام کرتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ مذہب تبدیل کر کے مسلمان ہو جائیں گی۔ ’میں اس پر یقین نہیں رکھتی، ہر فرد اپنے مذہب کی پیروی کرتا ہے، یقیناً باہمی احترام ہونا چاہیے۔‘
گوری خان نے کہا تھا کہ شاہ رخ کبھی بھی ان کے مذہب کی توہین نہیں کریں گے اور نہ وہ ان کی بے عزتی کریں گی۔
شاہ رخ خان نے بھی ایکس پر’آسک شاہ رخ خان‘ سیشن میں گوری کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کی،ایک مداح نے اداکار سے پوچھا، ’آپ کی اچھی شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے؟ تو جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’گوری کا دل اور دماغ سب سے زیادہ سادہ ہے، اس نے ہم سب کو خاندان کی بھلائی اور محبت پر یقین دلایا ہے۔‘