عوام تک معلومات کی رسائی کے قانون پر کتنا عمل ہوا؟ رپورٹ جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے انکشاف کیا ہے کہ وفاق کی اکثر وزارتوں نے عوامی اہمیت کی معلومات کے لازمی اجرا کے قانون پر عملدرآمد نہیں کیا ہے۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی 33 وزارتوں کے 40 ڈویژنز کی ویب سائٹس کا جائزہ لیا گیا، جائزے سے معلوم ہوا کہ وزارتیں درکارلازمی معلومات عوام کے لیے ویب سائٹ پر جاری کرنے کے قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کررہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام تک درست معلومات پہنچانے کے قانون پر سب سے زیادہ کابینہ ڈویژن اور بین الصوبائی امور نے 42 فیصد عمل کیا، 33 وزارتوں کے 40 ڈویژنز میں سے کسی نے معلومات تک رسائی کے قانون کی دفعہ 5 پر مکمل عمل نہیں کیا۔
فافن کے مطابق وزارتوں نے عوامی اہمیت کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کرنا ہوتی ہیں، وزارتوں کی جانب سے معلومات نہ دینا گمراہ کن اور غلط معلومات پھیلنے کا باعث بنتا ہے۔