لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے میں آتشزدگی، 30 ہزار افراد کو گھر چھوڑنے کی ہدایت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے میں موجود جنگلات میں لگنے والی آگ تیز ہواؤں کے باعث 3 ہزار ایکڑ تک پھیل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے پیسفک پلیسیڈز میں لگنے والی آگ مسلسل پھیلتی جارہی ہے، 10 ایکڑ پر لگنےوالی آگ تیز ہواؤں کے باعث اب 3 ہزار ایکڑ تک پھیل چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیزی سے آگ پھیلنے کے بعد لاس اینجلس شہر میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ 30 ہزار افراد کو گھروں کو چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
فائر حکام کا بتانا ہے کہ متعدد گھر اب تک آگ کی زد میں جاچکے ہیں جس کے بعد خطرے کی زد میں آنے والے 10 ہزار گھروں کو خالی کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
پیسفک پلیسیڈز کے علاوہ سانتامونیکا ماونٹینز کے علاقے میں بھی لوگوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور پھیلتی آگ کے باعث اس وقت لاس اینجلس میں 46 ہزار گھر اور کاروبار بغیر بجلی کے ہیں۔