دنیا کے 500 بااثر مسلمان: پاکستان سے آرمی چیف اور عمران خان کے علاوہ کون کون سے حیران کن نام شامل؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سابق وزیر اعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، عالم دین مفتی تقی عثمانی اور کئی دیگر پاکستانی شخصیات کو 2025 کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
جو دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی سالانہ فہرست ’دی مسلم 500‘پہلی بار 2009 میں شائع ہوئی تھی۔ یہ فہرست اردن کے دارالحکومت عمان میں رائل اسلامک اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے ذریعے مرتب کی جاتی ہے۔
یہ اشاعت ایسے مسلمانوں کی اثراندازی کا جائزہ لیتی ہے جو اُمت مسلمہ پر ثقافتی، نظریاتی، مالیاتی، سیاسی یا کسی اور طرح سے ایسا اثر ڈالتے ہیں جو دنیا بھر کے مسلمانوں پر نمایاں اثرات مرتب کرے۔
اس سال کی فہرست میں پاکستانی شخصیات کو مختلف شعبہ جات میں ان کی نمایاں خدمات کے باعث شامل کیا گیا ہے، جن میں سیاست دان، فوجی حکام، خیراتی کام کرنے والے اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین شامل ہیں۔
فہرست میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بارے میں لکھا گیا: شہباز شریف نے مارچ 2024 میں پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا جبکہ اس سے قبل وہ 2022-23 میں 23 ویں وزیر اعظم رہے۔ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی ہیں اور ایک طویل سیاسی کیریئر رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر رہ چکے ہیں اور تین بار پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فہرست میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا:ایک علمی اور مذہبی خاندان سے تعلق رکھنے والے جنرل عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں پہلے حافظِ قرآن آرمی چیف ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی دو اہم فوجی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
عمران خان سے متعلق لکھا گیا :عمران خان 2018 میں پاکستان کے وزیر اعظم بنے، اور ان سے توقعات تھیں کہ وہ ملک کو گورننس، احتساب اور کرپشن میں کمی کے حوالے سے آگے لے جائیں گے۔ اپریل 2022 میں عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے کے باوجود وہ ملک میں بے حد مقبول ہیں۔
فہرست میں شامل دیگر پاکستانی شخصیات میں مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل اور محمد الیاس عطار قادری شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، مشہور فلم ساز اور صحافی شرمین عبید چنائے، صوفی گائیکی کی ملکہ عابدہ پروین، نعت خوان اویس رضا قادری اور انسانی خدمت گزار پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کو بھی شامل کیا گیا۔
ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی پاکستان کے اہم انسان دوست افراد میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کی بنیاد رکھی، جو پاکستان کا سب سے بڑا مفت صحت کا ادارہ ہے۔