کہاجاتا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے، میرے خیال میں آئین سپریم ہے،جسٹس جمال مندوخیل
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کہاجاتا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے، میرے خیال میں آئین سپریم ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ پارلیمنٹ کا اختیار بلاشبہ ہے قانون بنائے کہ کیا کیا چیز جرم ہے،پارلیمنٹ چاہے تو کل قانون بنا دے ترچھی آنکھ سےدیکھنا جرم ہے،اس جرم کا ٹرائل کہاں ہوگا، وہ عدالت قائم کرنا بھی پارلیمنٹ کی آئینی ذمے داری ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ آئین پاکستان پارلیمنٹ کو یہ اختیار، ذمے داری دیتا ہے،کہاجاتا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے، میرے خیال میں آئین سپریم ہے،فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی،وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث کل بھی دلائل جاری رکھیں گے۔