زہری حملہ بزدلانہ عمل ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،میر ظہور احمد بلیدی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ـصوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی نے تحصیل زہری، ضلع خضدار میں ایک کالعدم تنظیم کی جانب سے تخریب کاری کی کوشش اور عوامی و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے سماجی رابطے کی سائٹ “ایکس” پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ عمل ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت بلوچستان ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرے گی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے میر ظہور احمد بلیدی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاروں کے عزائم کو ناکام بنایا ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جو بلوچستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ضروری ہیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تخریب کاروں کو ان کے مذموم مقاصد میں ناکام بنایا جا سکے میر ظہور بلیدی نے واضح کیا کہ حکومت بحالی امن کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی تاکہ ایسی کارروائیوں کا دوبارہ اعادہ نہ ہو اور عوامی و نجی املاک کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔