سرکاری اسکیم میں نام نہیں آیا تو کیا ہوا؟ پرائیویٹ حج گروپس کی بکنگ اس تاریخ سے شروع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائیویٹ حج انتظامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں حافظ طاہر اشرفی، سیکریٹری مذہبی امور، اور چیئرمین ہوپ ناصر خان سمیت دیگر اہم عہدیداران شریک تھے۔
رپورٹس کے مطابق اجلاس میں پرائیویٹ حج آپریشنز کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی اتفاق رائے سے معاہدے حتمی شکل دی گئی۔
فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ حج گروپس کی بکنگ 10 جنوری سے شروع ہوگی۔ حافظ طاہر اشرفی نے سعودی عرب اور پاکستان کے قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
اس سے قبل حکومت نے حج درخواستوں کے جمع کرانے کی آخری تاریخ تیسری بار بڑھا دی تھی تاکہ مطلوبہ کوٹے کو پورا کیا جا سکے۔ تاہم، توسیع شدہ مدت کے اختتام تک صرف 82,000 درخواستیں موصول ہوئیں۔
وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست دہندگان کو کامیاب قرار دے دیا ہے لیکن باقی 7000 کوٹے کے لیے حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت حج آپریٹرز کے ذریعے باقی کوٹے کو مکمل کرنے یا درخواست کا عمل دوبارہ کھولنے پر غور کر رہی ہے۔دسمبر 2024 میں، وزارت مذہبی امور پاکستان نے حج 2025 کے خواہشمند افراد کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ جاری کی تھی۔
حجاج کرام کی سہولت کے لیے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نومبر 2024 میں 15 نامزد بینکوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک بھر میں اپنے متعلقہ برانچز کو اتوار کے روز بھی کھلا رکھیں۔
مرکزی بینک نے یہ ہدایات وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر جاری کیں تاکہ حج 2025 کی درخواستوں اور واجبات کو جمع کرانے میں آسانی فراہم کی جا سکے، بیان میں کہا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *