مشکوک بائولنگ ایکشن ، آل رائونڈر شکیب الحسن پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی


ڈھاکہ(قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کی پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی 2025 میں سکواڈ میں شمولیت غیر یقینی دکھائی دینے لگی، مشکوک ایکشن کے باعث ان پر پابندی کا قوی امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کاؤنٹی چیمپئین شپ کے دوران سابق بنگلہ دیشی کپتان و آل راؤنڈر شکیب الحسن کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ انگلینڈ کی لافبرو یونیورسٹی میں ٹیسٹ کیا گیا اور وہ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے، جسکے نتیجے میں ان پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
،تاہم شکیب الحسن چنئی میں دوبارہ باؤلنگ ٹیسٹ کروائیں گے جس کے بعد انکے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے گا، اگر کرکٹر دوبارہ ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تو انکی چیمپئینز ٹرافی سکواڈ میں شرکت مشکوک ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بھارت کے خلاف شیڈول ہے جبکہ ایونٹ میں شریک تمام 8 ٹیموں کو 12 جنوری تک اپنے حتمی سکواڈ جمع کرانا ہوں گے۔ غیر یقینی صورتحال کے باوجود بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو اور بی سی بی کے صدر فاروق احمد شکیب الحسن کی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کررہے ہیں تاہم سلیکٹر کی طرف سے انکی سکواڈ میں شمولیت پر اختلاف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *