پاکستانیوں کے امارات کے ویزے مسترد ہونے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ، نئی شرط عائد
نئی شرط نے پاکستانیوں کی مشکل میں اضافہ کر دیا
متحدہ عرب امارات (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امارات جانے والے پاکستانیوں کے ویزے مسترد ہونے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، وہیں امارات حکام نے پاکستانی عوام کے لیے نئی ویزا شرائط لاگو کردی گئی ہیں۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ویزوں کے لیے پاکستانیوں پر کم سے کم بینک اسٹیٹمنٹ 10 لاکھ روپے کی شرط عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر صادق صابر نے بتایا کہ امارات کے وزٹ ویزا کی ایپلیکیشنز بینک اسٹیٹمنٹ 10 لاکھ روپے، ساتھ ہی کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ کی ضرورت ہے۔
صادق صابر نے بتایا کہ امارات کے ویزا مسترد ہونے کی شرح میں 99 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ اماراتی حکومت کی جانب سے سخت شرائط عائد کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزا کی درخواست مسترد ہونے پر درخواست دہندگان کو 1500 سے لے کر 2000 درہم کے مالی نقصان کا سامنا کرنا ہوگا۔
علاوی ازیں صادق صابر نے مزید کہا کہ ویزا درخواستوں اور ہوٹل کی بکنگ کی فیسیں بھی ناقابل واپسی ہیں جو درخواست دہندہ کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیں گی۔