جانوروں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے، مریم نواز

منہ اور پاؤں کی بیماریاں انسانوں کو بھی لاحق ہوتی ہیں، قدم ملک کے خلاف اٹھتا ہے اور منہ کھلتے ہی گالی نکلتی ہے


پاکپتن(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں انسانوں کو بھی لاحق ہوتی ہیں، ہم نہ صرف جانوروں کا بلکہ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔
یہ بات انہوں ںے پاک پتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک پروگرام میں جانور پالنے والوں کو ان کی دیکھ بھال کی مد میں دو لاکھ 70 ہزار روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک پروگرام کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں سے 11 ارب روپے لائیو اسٹاک کارڈ کے لیے ہیں، اس کارڈ سے 90 ہزار لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے جس میں چار لاکھ جانوروں کے لیے رقم مختص کی جاسکے گی، جانور کی بہتر نشوونما کے ذریعے گوشت کو برآمد کیا جاسکے گا جانوروں کی ٹیگنگ کی جائے گی اور کیو آر کوڈ بھی دیا جائے گا۔
سیاسی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں بلکہ انسانوں کو بھی لاحق ہوتی ہیں، ایسے بیمار لوگوں کا قدم ملک کے خلاف ہی اٹھتا ہے اور منہ کھلتا ہے تو گالی اور بدتمیزی نکلتی ہے، ہم نہ صرف جانوروں کا بھی بلکہ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہم نے حکومت سنبھالی تو سنتے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے والا ہے اور اب دس ماہ میں ہی ملک ترقی کرنے لگا اور اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *