شاہ رخ خان نے گوری خان کو برقع پہننے اور نماز پڑھنے کا کیوں کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی 25 اکتوبر 1991 کو ایک روایتی ہندو تقریب میں ہوئی تھی۔ حال ہی میں اس جوڑے کی کچھ تصاویر وائرل ہوئیں جس میں انہیں خانہ کعبہ کے سامنے دیکھا جا سکتا ہے، ان تصاویر کو دیکھ کر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شارخ خان کی بیوی گوری خان نے اسلام قبول کر لیا ہے تاہم فیکٹ چیک سے معلوم ہوا کہ یہ تصاویر جعلی ہیں اور اے آئی کے ذریعے بنائی گئی تھیں۔
اب شاہ رخ خان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں بالی ووڈ اداکار نے گوری کے خاندان سے اپنی ملاقات کا تذکرہ کیا، انہوں نے کہا کہ ایک تقریب کے موقع پر گوری خان کے خاندان کے لوگ ان کے ارد گرد بیٹھے ہوئے تھے اور آپس میں پنجابی میں بات کر رہے تھے اسی دوران انہوں نے گوری خان کی طرف دیکھا اور کہا کہ ’اٹھو، چلو برقع پہنو، نماز ادا کرتے ہیں‘۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کی اس بات پر سارا خاندان حیران ہوگیا اور انہیں گھورتے ہوئے پوچھا کہ کیا انہوں نے گوری خان کا مذہب تبدیل کر دیا ہے؟ جس پر شاہ رخ خان نے اپنے مذاق کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اب سے گوری برقع پہنیں گی، گھر سے باہر نہیں نکلیں گی اور ان کا نام بدل کر عائشہ خان رکھ دیا جائے گا۔
سپر اسٹار نے مزید کہا کہ گوری کا پورا خاندان ان کی بات سن کر حیران ہو گیا اور غصے میں آ گیا پھر انہوں نے سوچا کے حالات ہاتھ سے نکل سکتے ہیں اور خاندان والوں کو بتا دیا کہ وہ مذاق کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ شادی سے پہلے ہی شاہ رخ خان اور گوری نے فیصلہ کیا تھا کہ گوری اسلام قبول نہیں کریں گی۔ 2005 میں کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں گوری خان نے اپنے گھر والوں میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شاہ رخ کے مذہب کا احترام کرتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ مذہب تبدیل کر کے مسلمان ہو جائیں گی۔ ’میں اس پر یقین نہیں رکھتی، ہر فرد اپنے مذہب کی پیروی کرتا ہے، یقیناً باہمی احترام ہونا چاہیے۔‘
گوری خان نے کہا تھا کہ شاہ رخ کبھی بھی ان کے مذہب کی توہین نہیں کریں گے اور نہ وہ ان کی بے عزتی کریں گی۔ شاہ رخ خان نے بھی سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر’آسک شاہ رخ خان‘ سیشن میں گوری کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کی۔ ایک مداح نے اداکار سے پوچھا، ’آپ کی اچھی شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے؟ تو جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’گوری کا دل اور دماغ سب سے زیادہ سادہ ہے، اس نے ہم سب کو خاندان کی بھلائی اور محبت پر یقین دلایا ہے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *