ڈی چوک احتجاج کیس؛ پی ٹی آئی کے 153 کارکنان کی ضمانت منظور، 24 کی مسترد
عدالت نے پی ٹی آئی کے 177 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈی چوک احتجاج کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے 153 کارکنان کی ضمانت کی درخواستیں منظور جبکہ 24 کارکنان کی مسترد کر دی گئیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے 177 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 5 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانتیں منظور کیں۔
تھانہ کراچی کمپنی کے 48 ملزمان میں سے 43 کی ضمانت کی درخواستیں منظور ہوئیں اور 5 کی خارج کی گئیں۔ تھانہ ترنول کے 7 ملزمان میں سے 2 کی ضمانت کی درخواستیں منظور اور 5 کی خارج کر دی گئیں۔
تھانہ آئی 9 کے 10 ملزمان میں سے 9 کی درخواست ضمانت منظور جبکہ ایک کی خارج کر دی گئی۔ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1033 میں 28 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں جبکہ 5 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد ہوئیں۔
تھانہ رمنا کے 8 ملزمان میں سے 3 کی ضمانتیں منظور جبکہ 5 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کی گئیں۔ تھانہ سیکریٹریٹ کے تمام 25 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔
تھانہ مارگلہ کے 45 ملزمان میں سے 42 کی ضمانتیں منظور جبکہ 3 ملزمان کو ضمانت نہ مل سکی۔ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1032 میں ایک ملزم کی ضمانت منظور کی گئی۔