رچرڈ گرینل نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی کو کیوں ڈانٹ دیا؟
واشنگٹن (قدرت روزنامہ)سابق امریکی انٹیلیجنس چیف رچرڈ گرینل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی صارف کو عمران خان کی رہائی کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کا مشورہ دینے پر جھاڑ پلاتے ہوئے دفع ہونے کا کہہ دیا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اورسابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے رچرڈ گرینل نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے گھر کے سامنے کیلی فورنیا کے جنگلات میں ہونے والی تباہ کُن آتشزدگی کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کیلیفورنیا میں ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ان کی پالیسیاں ہمیں جلا کر راکھ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ووٹ دینا بند کریں جو پانی کے انتظام اور جنگلات کی پالیسیوں میں عقل و فہم کا استعمال نہیں کرتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ غصے میں ہیں اور عام عوام کو بھی ناراض ہونا چاہیے۔
رچرڈ گرینل کی پوسٹ پر پی ٹی آئی کے حامی صارف محمد نواز خان نے لکھا کہ مزہ کریں لیکن ایک بار پھر ’ریلیز عمران خان‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرنا نہ بھولیں۔ جس کے جواب میں رچرڈ گرینل نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی کو ڈانٹ دیا اور کہا کہ ’تم جنوبی کیلیفورنیا میں نہیں رہتے اس لیے دفع ہو جاؤ‘۔
سابق امریکی انٹیلیجنس چیف رچرڈ گرینل کے ردعمل کے بعد عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے صارف نے اپنی ایکس پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔
واضح رہے کہ 26 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رچرڈ گرینل نے لکھا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔ جس پر رہنما پی ٹی آئی ذلفی بخاری نے ردعمل دیتے ہوئے شکریہ کا ٹوئٹ کیا تھا۔ رچرڈ گرینل ایک امریکی سفارت کار رہے ہیں اور انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب سمجھا جاتا ہے، وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور میں نیشنل انٹیلی جنس کے قائم مقام ڈائریکٹر بھی رہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انہیں اپنا خصوصی ایلچی بنائیں گے۔