5 جی موبائل انٹرنیٹ کی لانچنگ ٹائم لائن میں مزید کتنی تاخیر ہوسکتی ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بارے میں بروقت فیصلہ نہ کیا تو اپریل 2025 تک فائیو جی سروسز شروع کرنے کی حکومت کی ٹائم لائن مزید تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔
ایک قومی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی نار کے پی ٹی سی ایل میں انضمام کے معاملے اور مطلوبہ اسپیکٹرم پر قانونی چارہ جوئی ٹیلی نار کی 5 جی سروس کے اجرا میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
کنسلٹنسی فرم نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس انکارپوریٹڈ (نیرا) نے حل طلب مسائل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نیرا نے حکام کو سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کی تعداد کو حتمی شکل دینے کے لیے مطلع کیا ہے، جس میں ٹیلی نار، پی ٹی سی ایل انضمام سے متعلق فیصلہ بھی شامل ہے۔
مزید یہ کہ 2.6 گیگا ہرٹز بینڈ کا 140 میگا ہرٹز، جو 4 جی اور 5 جی سروس کے لیے اہم ہے، پر بھی قانونی مسائل کا سامنا ہے، صرف 54 میگا ہرٹز دستیاب ہے۔ یہ بینڈوتھ ایک آپریٹر کے لیے بھی ناکافی ہے۔
’نیرا‘ سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نومبر 2024 میں آئی ایم ٹی اسپیکٹرم کے اجرا کے لیے سفارشات فراہم کرنے کے لیے کنٹریکٹ کیا تھا۔ تاہم انضمام پر سی سی پی کا فیصلہ نہ کرنے اور اسپیکٹرم پر قانونی چارہ جوئی سمیت حل طلب مسائل کنسلٹنسی کی رپورٹ میں تاخیر کا باعث بن سکتے ہیں۔
سی سی پی کے فیصلے کے بعد اس کیس میں پی ٹی اے، ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک سمیت دیگر ریگولیٹری اداروں کی منظوری درکار ہوگی۔ اس کے بعد کے اقدامات بشمول کابینہ کی منظوری، نیلامی کی ہدایات کی اشاعت اور آپریٹر کی تیاریوں میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
اگرچہ پچھلی حکومتوں نے مارچ 2023 تک 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن موجودہ چیلنجز کے باعث پہلے 5 جی بینڈوتھ کی لانچنگ میں اپریل 2025 سے بھی آگے کا وقت لگ سکتا ہے۔