ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم کا امکان، کراچی میں درجہ حرارت کتنا؟
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی کا امکان ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند کے گہرے دھبے بننے کی توقع ہے۔ مشرقی پنجاب، کشمیر، مری، گلیات اور گرد و نواح کے علاقوں میں کہیں کہیں بارش، ہوا کے جھونکے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہلکی مغربی ہواؤں کی لہر ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں سرد اور خشک موسم رہا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سخت سردی کا سامنا رہا۔ مشرقی اور وسطی پنجاب کے بعض علاقوں میں درمیانے سے شدید دھند ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صبح اور رات کے وقت سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 11 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
دن کے وقت ہلکی دھوپ نکل سکتی ہے لیکن سرد ہوائیں محسوس کی جائیں گی۔ شہریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔