محمد حفیظ نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنا دیا
کراچی(قدرت روزنامہ)سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ نے چیمپئنز ٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے پر پی سی بی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پی سی بی نے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آکر چئمپئینز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کے موقف کی مخالفت اور پھر بھارت کے میچز نیو ٹرل مقام پر کرانے کے فیصلے کو قبول کرلیا۔
نیشنل سٹیڈیم کے ایچ پی سی اوول گراونڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ابتدا میں اپنائے جانے والے اصولی موقف پر پی سی بی قائم نہیں رہا، 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا پاکستان نہ آںا ایک کمی کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ 1996 کے عالمی کپ کے بعد ایک طویل مدت تک پاکستان میں آئی سی سی کا ایونٹ نہ ہونا کئی سوال کھڑے کرتا ہے لیکن اب چیمپئینز ٹرافی کا منعقد ہونا خوش آئند ہے اور پاکستان کو اس کا مثبت پیغام دینا چاہیے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ نوجوان بیٹر صائم ایوب پاکستان کر کٹ کا اثاثہ ہیں،انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں، تاہم صائم ایوب کے معاملہ کی درست انداز میں دیکھ بھال کی جائے، قوی امید ہے کہ کہ صائم ایوب جلد فٹ ہوجائیں گے اور چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دس سے پندرہ برس تک صائم ایوب کی پاکستان کرکٹ کو خدمات میسر آ سکتی ہیں، محمد حفیظ نے سینیئر بیٹر فخر زمان کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے امیدں لگالیں اور کہاکہ آئی سی سی کے میگا ایونٹ کے لیے اگر قومی ٹیم میں فخر زماں کی واپسی ہوئی تو یہ پاکستان کے لیے اچھا شگون ہوگا۔